وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سچی بات کرتے ہیں، اس لیے مذاکرات کیلئے امریکا اور ایران نے اُن پر بھرپور اعتماد کیا، فیلڈ مارشل نے طرفین سے ایسی سخت بات بھی کی کہ کوئی سوچ نہیں سکتا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیغام امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہاکہ امن و امان برقرار رکھنے میں علما کرام کا اہم کردار ہے، اس فورم سے ملک بھر کویکجہتی کا پیغام جانا چاہیے، قومی پیغام امن کمیٹی کا کردار لائق تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیغام امن کمیٹی کو ضلعی سطح پر فعال ہونا چاہیے، علما کرام قوم کو متحد رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو متحد ہونا ہےدہشت گردی کیخلاف جنگ میں علما کرام کی حمایت اہم ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ محرم الحرام میں امن وامان برقراررکھنا سب کی مشترکہ ذمےداری ہے، فرقہ واریت سے اجتناب کرنے میں ہی عافیت ہے۔
ایران امریکا امن معاہدے سے متعلق محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سچی بات کرتے ہیں، اس لیے مذاکرات کیلئے امریکا اور ایران نے اُن پر بھرپوراعتماد کیا، فیلڈ مارشل واحد شخص تھے جن پر ہر فریق اعتماد کررہا تھا، اس لیے پاکستان نے امن کیلئے کوششیں کیں، قیام امن کیلئے وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے اہم کردار اد اکیا۔
فیلڈ مارشل نے بطور کپتان اس عمل کو لیڈکیا، محسن نقوی
ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا جنگ بندی میں وزیراعظم شہباز شریف نے لیڈ کیا اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بطور کپتان میدان میں اترے ، انہوں نے تاریخی کردار ادا کیا اور دو بڑے ملکوں میں جنگ بندی کرائی، فیلڈ مارشل نے بطور کپتان اس عمل کو لیڈکیا، اس کا کریڈٹ کپتان کو جائےگا ، وزیراعظم نے بطور لیڈر تمام چیزوں کو حتمی شکل دی تھی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پر امریکا، ایران اور تمام اتحادیوں کو اعتماد تھا ، فیلڈ مارشل نے طرفین سے ایسی سخت بات بھی کی کہ کوئی سوچ نہیں سکتا، جس نے غلط بات کی اسے کہاکہ آپ نے غلط کہا، کیوں کہ انہيں پتا تھا کہ یہ بندہ سیدھا اور سچا ہے۔









