شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی کے لیے کارروائیاں جاری

19

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور شہریوں کو بہتر میونسپل سہولیات کی فراہمی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں میونسپل مجسٹریٹ عمران زیب کاسی کی نگرانی میں ڈاکٹر بانو روڈ اور تولہ رام روڈ پر تجاوزات کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی گئی۔

کارروائی کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سامان رکھ کر پیدل چلنے والوں کے راستے میں رکاوٹ پیدا کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ میونسپل انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات قائم کرنے والے 6 دکانداروں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا۔

اس موقع پر میونسپل مجسٹریٹ عمران زیب کاسی نے کہا کہ شہر کی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی مقامات پر غیر قانونی تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

تجاوزات کے باعث نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا جبکہ دکانداروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی دکانوں کا سامان مقررہ حدود کے اندر رکھیں اور سرکاری سڑکوں و فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے سے گریز کریں۔

میونسپل انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے کا مقصد شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانا، فٹ پاتھوں کو شہریوں کے لیے قابلِ استعمال بنانا اور کوئٹہ شہر کو صاف، منظم اور خوبصورت بنانا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں