ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ سالانہ مہنگائی کی شرح 9.49 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 51 ضروری اشیائے خورونوش میں سے 20 کی قیمتوں میں اضافہ، 9 کی قیمتوں میں کمی جبکہ 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر 23.92 فیصد، پیاز 21.27 فیصد اور ایل پی جی 7.78 فیصد سستی ہوئی۔ پیٹرول کی قیمت میں 2.48 فیصد جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.99 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران گندم کا آٹا 5.72 فیصد، انڈے 4.36 فیصد اور مرغی کا گوشت 4.14 فیصد مہنگا ہوا۔ لہسن کی قیمت میں 1.54 فیصد، ٹوٹا باسمتی چاول میں 0.79 فیصد اور آلو کی قیمت میں 0.78 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ایل پی جی کی قیمت میں 67.49 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گندم کا آٹا 53.53 فیصد اور مرغی کا گوشت 30.10 فیصد مہنگا ہوا۔
سالانہ بنیادوں پر بجلی کے بنیادی سہ ماہی نرخوں میں 29.33 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 22.36 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 18.34 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ایک سال کے دوران مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد، مٹن 14.59 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 12.85 فیصد مہنگی ہوئی۔









