پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو نئے صوبوں کے مجوزہ قیام یا ممکنہ ریفرنڈم کے حوالے سے فوری طور پر کوئی رعایت نہیں دی جا رہی، تاہم پارٹی سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ تعاون پر مبنی رویہ اختیار کرے گی اور ایسے اقدامات سے گریز کرے گی جو سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کر سکتے ہیں۔ یہ بات پارٹی کے اندرونی ذرائع نے بتائی ہے۔ پیشرفت سے آگاہ پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا کہ پسِ پردہ رابطوں کے ذریعے جن توقعات کا اظہار کیا جا رہا ہے، ان میں محاذ آرائی کی سیاست سے گریز اور ایسے بیانات یا اقدامات سے باز رہنا شامل ہے جو کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران ماحول میں آنے والی نسبتاً بہتری، جس میں 2؍ خواتین کی رہائی بھی شامل ہے، کو کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ پی ٹی آئی اپنا یہی طرزِ عمل برقرار رکھے گی اور دوبارہ سیاسی محاذ آرائی سے گریز کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی تعاون جاری اور کشیدگی بڑھانے سے باز رہتی ہے تو مستقبل میں پی ٹی آئی کیلئے کسی نہ کسی نوعیت کی رعایت کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔ اندرونی ذرائع کے مطابق ایسی رعایت کا امکان اس وقت اہمیت اختیار کر سکتا ہے جب مجوزہ صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق معاملات ووٹنگ کے مرحلے تک پہنچیں اور پی ٹی آئی ان کی حمایت یا تعاون کرے۔ تاہم، پارٹی ذرائع نے زور دیا کہ اب تک کسی مخصوص ریلیف پیکیج کی تفصیلات طے نہیں کی گئیں اور یہ بھی واضح نہیں کہ بالآخر کن رعایتوں پر غور کیا جا سکتا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ ذرائع نے عندیہ دیا کہ کسی بھی ممکنہ ریلیف کا دائرہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان یا خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی تک نہیں بڑھے گا۔ ان کے مطابق، دونوں کے معاملات کسی بھی ممکنہ مفاہمت کے دائرہ کار سے باہر رہیں گے۔ بشریٰ بی بی اور علیمہ خان سمیت پی ٹی آئی کی دیگر شخصیات کے بارے میں صورتِحال تاحال واضح نہیں۔ پارٹی کے اندرونی ذرائع نے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی اشارہ نہیں ملا کہ ان کے معاملات میں کوئی رعایت ملے گی یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق، وسیع تر توقع یہ ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی تحمل کا مظاہرہ کرے گی ، اشتعال انگیز بیان بازی سے گریز کرے گی اور ایسے اقدامات سے باز رہے گی جو محاذ آرائی کے ایک اور دور کا سبب بن سکتے ہیں۔ ذرائع نے اس بات پر زور دیا کہ صورتِحال کو کسی طے شدہ سیاسی معاہدے یا رعایتوں کی باضابطہ پیشکش کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ اس کے بجائے، اگر پارٹی اہم سیاسی اور آئینی معاملات پر تعاون کا مظاہرہ کرتی ہے تو بعد کے کسی مرحلے پر رعایت کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔
مجوزہ صوبوں یا ریفرنڈم کا معاملہ، تحریک انصاف کو سیاسی تعاون کے عوض ریلیف ملنے کی امید
34









