جمعیت علمائے اسلام کی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں و نظر بندیوں کے خلاف بلوچستان کے مختلف اضلاع میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں جماعتی رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سیاسی قیادت کی رہائی، آئینی و جمہوری حقوق کی بحالی اور نظر بند رہنماؤں سے وکلا کی ملاقات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن، زیارت، ڑوب، قلعہ سیف اللہ، سنجاوی، مستونگ، قلات، خضدار، نوشکی، نصیرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، جعفرآباد، صحبت پور، حب اور وندر سمیت مختلف علاقوں میں مظاہرے منعقد ہوئے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آئینی اور جمہوری سیاسی جدوجہد کا راستہ روکنے کی کوششیں ملک کے امن اور جمہوری مستقبل کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظر بندیوں سے سیاسی مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ سیاسی بے چینی میں اضافہ ہوگا۔ iمقررین نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکمت و تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود گرفتاری پیش کی تاکہ ملک کو بڑے تصادم اور ممکنہ خونریزی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور اپنے حقوق کے حصول کے لیے یہ جدوجہد جاری رکھے گی۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ نے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور دیگر نظر بند رہنماؤں سے ملاقات کے لیے آنے والی وکلا کی قانونی ٹیم کو اجازت نہ دینے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کو اپنے موکلوں سے ملاقات سے روکنا بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔آغا محمود شاہ نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار اور نظر بند رہنماؤں و کارکنوں کو فوری رہا کیا جائے، وکلا کو ملاقات کی اجازت دی جائے اور آئین، قانون، جمہوری آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے۔









