ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات بلوچستان زاہد سلیم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی صوبائی وفد نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں مقامی عمائدین، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافیوں کے ساتھ کھلی نشست کی۔ اس موقع پر ضلع گوادر کو درپیش عوامی مسائل، بنیادی سہولیات کی صورتحال اور ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا کھلی نشست میں شرکاء نے صحت، تعلیم، آبنوشی، ایریگیشن، زراعت، مواصلات، بلدیاتی نظام اور دیگر اہم شعبوں سے متعلق مسائل اور تجاویز پیش کیں۔
صحت کے شعبے میں سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات، ایم آر آئی مشین کی عدم دستیابی، ایمبولینس سروس، ڈائیلاسز کی سہولت اور طبی عملے کی کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے مزید سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا.
تعلیم کے حوالے سے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، غیر حاضری، تعلیمی معیار، گرلز مڈل و ہائی اسکولوں کے قیام، طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے امور زیر بحث آئے جبکہ میرانی ڈیم سے پانی کی فراہمی، واٹر سپلائی منصوبوں، ڈیموں میں پانی کے ذخیرے، متاثرہ زمینداروں کے معاوضوں، ساحلی شاہراہ پر ٹریفک حادثات، غیر ضروری چیک پوسٹس، سرحدی تجارت اور جیونی سمیت دور دراز علاقوں کے عوام کو درپیش سفری مشکلات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شرکاء نے گوادر میونسپل کارپوریشن کے وسائل میں اضافے، صفائی ستھرائی، منشیات کی روک تھام اور اقلیتی برادری خصوصاً ہندو برادری کے لیے شمشان گھاٹ کی فراہمی سمیت دیگر شہری مسائل کی بھی نشاندہی کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے شرکاء کی تجاویز اور تحفظات غور سے سنے۔
اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیح دے رہی ہے۔ عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جائے گا، جبکہ بڑے ترقیاتی اور پالیسی نوعیت کے معاملات وزیراعلیٰ بلوچستان کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دستیاب وسائل، فنڈز اور حکومتی پالیسیوں کے مطابق گوادر سمیت دیگر علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے اس موقع پر ضلع کے عوام کو درپیش مسائل اور مقامی سطح پر درکار ترقیاتی ضروریات کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطحی حکومتی وفد کی اس نشست سے عوامی مسائل کے حل اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو مزید تقویت ملے گی وفد میں سیکرٹری زراعت داؤد خان خلجی، سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمٰن بلوچ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر انیس طارق گورگیج، اسپیشل سیکرٹری صحت شیہک شہداد بلوچ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ظہور احمد بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر عبدالشکور سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔









