ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کے لیے ڈائریکٹ سائننگز کی ونڈو 23 نومبر کو بند ہوگئی، جس کے دوران آٹھ میں سے چھ فرنچائزز نے ایک، ایک نامور کھلاڑی کو براہِ راست اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔براہِ راست معاہدے کرنے والی فرنچائزز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے عادل رشید کو 6 کروڑ 20 لاکھ روپے، ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں سائن کیا۔
اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے، لاہور قلندرز نے سری لنکا کے کامندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے جبکہ راولپنڈیز نے آسٹریلیا کے میتھیو شارٹ کو 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔
پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے ڈائریکٹ سائننگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں فرنچائزز ریٹینشن، ٹریڈز اور پلیئرز آکشن کے ذریعے اپنے اسکواڈز مکمل کریں گی۔
پی ایس ایل کے قواعد کے مطابق ہر فرنچائز کو ایسے ایک نمایاں کھلاڑی سے براہِ راست معاہدہ کرنے کی اجازت تھی جو پی ایس ایل 10 اور پی ایس ایل 11 میں شریک نہیں ہوا۔ فرنچائزز اپنے ڈائریکٹ سائننگ سمیت زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی برقرار رکھ سکیں گی، جبکہ ریٹینشن کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔سات کھلاڑی برقرار رکھنے والی فرنچائز کو گزشتہ آکشن کے سب سے زیادہ معاوضے والے درجے سے ایک کھلاڑی کو ریلیز کرکے جنرل پلیئر پول میں شامل کرنا ہوگا۔
پی ایس ایل 12 کے پلیئر آکشن کے لیے ہر فرنچائز کا بنیادی سیلری کیپ 45 کروڑ روپے ہوگا، تاہم نئی ڈائریکٹ سائننگ کرنے، گزشتہ سیزن کے ڈائریکٹ سائننگ کھلاڑی کو برقرار رکھنے یا دونوں صورتوں میں فرنچائز کا سیلری کیپ بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے ہوسکے گا۔فرنچائزز کے لیے کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا بھی لازمی ہوگا۔









