بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)کی ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں عطائیت کے خاتمے، طبی مراکز کی قانونی حیثیت کی جانچ اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں کرتے ہوئے دو روزہ معائنے کے دوران مجموعی طور پر 19 طبی مراکز کا معائنہ کیا، جبکہ متعدد مراکز پر جرمانے عائد کرکے خدمات کی بندش کے احکامات جاری اور دیگر کو نوٹسز جاری کردیے گئے۔
بی ایچ سی سی کے ترجمان نے اے پی پی کوبتایاکہ بلوچستان ہیلتھ کیئرکمیشن کی ٹیم کی جانب سے ایسٹرن بائی پاس اور بھوسہ منڈی کے علاقوں میں کارروائی کے دوران 8 جنرل پریکٹیشنر (جی پی)کلینکس اور 2 پولی کلینکس سمیت 10 طبی مراکز کا معائنہ کیا گیا۔
اس دوران ایک جی پی کلینک اور ایک پولی کلینک پر جرمانے عائد کرکے خدمات بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ 5 جی پی کلینکس اور ایک پولی کلینک کو خلاف ورزیوں پر نوٹسز جاری کیے گئے۔
اسی طرح ہزارہ ٹائون میں کارروائی کے دوران 4 جی پی کلینکس، 4 ڈینٹل کلینکس اور ایک پولی کلینک سمیت 9 طبی مراکز کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے صرف ایک ڈینٹل کلینک بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے پاس رجسٹرڈ پایا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک جی پی کلینک، ایک پولی کلینک اور ایک ڈینٹل کلینک پر جرمانے عائد کرکے خدمات کی بندش کے احکامات جاری کیے گئے، جبکہ 2 جی پی کلینکس اور 2 ڈینٹل کلینکس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق مذکورہ کارروائیاں بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019، لائسنسنگ و انسدادِ عطائیت ریگولیشنز 2024 اور انفیکشن پریوینشن اینڈ کنٹرول (آئی پی سی)کے مقررہ ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر عمل میں لائی گئیں۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں عطائیت کے خاتمے، طبی مراکز میں ضابطہ کار پر عمل درآمد، مریضوں کے تحفظ اور صحت کی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ کمیشن نے تمام طبی مراکز اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ باقاعدہ رجسٹریشن، لائسنسنگ اور مقررہ طبی و حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔









