ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ انور کاکڑ کی زیر صدارت پولیو مہم کی تیاریوں سے متعلق ڈی پیک کااجلاس کا انعقاد

35

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) کوئٹہ محمد انور کاکڑ کی زیرِ صدارت 12 دسمبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ڈی پیک (DPAC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (DHO)، پولیس حکام اور پولیو پروگرام کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں آئندہ پولیو مہم کے انتظامات، سکیورٹی پلان، ٹیموں کی تشکیل اور بچوں تک ویکسین کی رسائی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مہم کے دوران کوئٹہ میں تقریباً 4 لاکھ 35 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس کے لیے 1620 پولیو ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جبکہ ٹیموں کی حفاظت کے لیے 1600 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ پولیو سے انکاری والدین (Refusal Cases)، زیرو ڈوز بچوں اور کم کوریج والی یونین کونسلز میں خصوصی توجہ دیتے ہوئے مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کی مؤثر تیاری کے لیے تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے، جبکہ کم کوریج اور حساس علاقوں میں خصوصی سرگرمیاں (Special Activities) بھی ترتیب دی جائیں تاکہ مہم کے مقررہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے تحت تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور انسدادِ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں