صوبائی محتسب سیکرٹریٹ کی ٹیم کا سینٹرل جیل کوئٹہ کا دورہ،ڈینٹل کلینک، منی لیبارٹری، کچن، لائبریری اور دیگر سہولیات کا معائنہ

37

صوبائی محتسب بلوچستان سیکرٹریٹ کی ٹیم نے مورخہ 23 نومبر 2026 کو سینٹرل جیل کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا۔ وفد میں صوبائی محتسب بلوچستان کے ڈائریکٹرز اور دیگر سٹاف شامل تھے۔دورہ کے دوران وفد نے سینٹرل جیل کے مختلف وارڈز، خواتین اور کم عمر قیدیوں کے حصوں، ہسپتال، ڈینٹل کلینک، منی لیبارٹری، کچن، لائبریری اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ قیدیوں اور جیل عملے سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور شکایات بھی سنیں اور موقع پر ہدایات جاری کئے۔

معائنے کے دوران فجر کی نماز کی ادائیگی کے لئے وضو کرتے وقت گرم پانی کی عدم دستیابی، صفائی ستھرائی، گنجائش سے زائد قیدیوں، بجلی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی۔

وفد نے جیل میں قائم خواتین کے لیے دستکاری و ووکیشنل ٹریننگ سینٹر، کم عمر قیدیوں کی کمپیوٹر و فائن آرٹس کلاسز، لائبریری اور فٹسال گراؤنڈ جیسے مثبت اقدامات کو سراہا۔

وفد نے سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کو ہدایت کی کہ قیدیوں کو گرم پانی، صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کریں، جبکہ بجلی کی فراہمی اور دیگر انتظامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے۔ منشیات کی روک تھام اور قیدیوں کی فلاح و بحالی کے اقدامات مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔دورہ کی تفصیلی رپورٹ اور سفارشات صوبائی محتسب بلوچستان کو پیش کی گئی تاکہ قیدیوں کے مسائل کے حل اور جیل کے حالات میں بہتری کے لیے قانون کے مطابق ضروری اقدامات عمل میں لائے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں