کیا یہ وہی فلاحی ریاست ہے جسکا قائد اعظم محمد علی جناح نے درس دیا تھا، ڈاکٹر مالک بلوچ

32

نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں صحافت سے متعلق قرارداد پر بحث کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔

12 میڈیا اداروں کی بندش اور 122 کارکنوں کی برطرفی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دنیا بھر میں ریاستی ستونوں کی اہمیت تسلیم کی جاتی ہے، تاہم سوال یہ ہے کہ کیا ہمارا معاشرہ آج بھی اسی فلاحی ریاست کے تصور پر قائم ہے جس کا درس قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست کے خطاب میں دیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج پاکستان ایک فلاحی ریاست کے بجائے سیکیورٹی اسٹیٹ بن چکا ہے۔

انہوں نے ملک کی سیاسی اور آئینی تاریخ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 9 سے 10 سال تک آئین موجود نہیں تھا، جبکہ ایک دہائی کے دوران 7 سے 8 وزرائے اعظم تبدیل کیے گئے۔ یہ بدقسمتی ہے کہ ملک میں چار مارشل لا نافذ ہوئے اور تین آئین مسلط کیے گئے۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ریاستی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ آج ملک میں عدلیہ، پارلیمنٹ اور میڈیا آزاد نہیں، ادارے مفلوج ہو چکے ہیں اور عوام کو ووٹ کا حق حاصل نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صحافی مشکل حالات میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ میڈیا اداروں کی بندش اور کارکنوں کی برطرفی سے صحافیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ 12 ادارے بند کرکے 122 کارکنوں کو ملازمتوں سے فارغ کرنا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔

انہوں نے صحافیوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی صحافیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت 2023 اور 2024 میں صحافیوں کے احتجاج میں بھی شریک ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں