حیاتین د کیسے حاصل کریں؟

42

حیاتین د (وٹامن ڈی) کی اگر جسم میں کمی ہو جائے تو ہڈیوں کی بوسیدگی (اوسٹیو پوروسس)، ذیابیطس اور سرطان جیسے امراض پیدا ہو جاتے ہیں۔ایک طبی تحقیق کے مطابق وہ بالغ بچے جنھیں حیاتین د کی مناسب مقدار نہیں ملتی، اُن کے بال تیزی سے جھڑنے لگتے ہیں اور ہڈیاں بھی کمزور ہو جاتی ہیں۔
حیاتین د ہڈیوں میں کیلشیم جذب ہونے میں مدد دیتی ہے، جس کی وجہ سے ہڈیوں کی نشو و نما ہوتی ہے۔ہڈیوں کی نشو و نما حیاتین د کی کمی کے باعث رُک جاتی ہے، جس کی وجہ سے ہڈیوں میں درد اور تکلیف رہنے لگتی ہے۔اس کے علاوہ قد کا بڑھنا بھی رک جاتا ہے۔حیاتین د پٹھوں، پھیپڑوں، دانتوں، دل، گردوں اور جگر کے لئے بھی مفید ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر کسی فرد کے جسم میں حیاتین د کی کمی ہو جائے تو وہ عارضہ قلب میں مبتلا ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ فربہی اور ہائی بلڈ پریشر کے خطرات بھی منڈلانے لگتے ہیں۔
بڑھاپے میں حیاتین د کی وجہ سے قلب اور ہڈیاں متاثر ہوتی ہیں۔قدرتی طور پر حیاتین د بہت کم غذاؤں میں پائی جاتی ہے۔مچھلیوں کی چند اقسام ایسی ہیں، جن سے حیاتین د حاصل کی جا سکتی ہے، مثلاً سامن، ٹیونا اور کوڈ مچھلی وغیرہ۔ان مچھلیوں کے جگر کے تیل میں حیاتین د ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ حیاتین د حاصل کرنے کا سب سے بہترین ذریعہ سورج کی روشنی ہے۔جب سورج کی روشنی جسم کے کسی حصے پر پڑتی ہے تو سورج کی بنفشی شعاعیں (Ultraviolet Rays) حیاتین د کی تیاری کو تحریک دیتی ہیں اور اس طرح حیاتین د تیار ہونے لگتی ہے۔اگر کوئی فرد دھوپ میں بیٹھنے سے اجتناب کرتا ہے تو اسے چاہیے کہ وہ دھوپ میں بیٹھنے کی عادت ڈال لے۔گرمیوں میں دھوپ سینکنے کا سب سے بہترین وقت ماہرین کے مطابق صبح سویرے اور مغرب سے قبل کا ہوتا ہے۔
ان اوقات میں دھوپ میں نرمی ہوتی ہے۔روزانہ تقریباً آدھا گھنٹہ دھوپ میں ضرور بیٹھیں۔
عمر رسیدہ ضعیف افراد معالج کے مشورے کے مطابق حیاتین د کی مطلوبہ مقدار جسم کو فراہم کرنے کے لئے اس کی گولیاں کھائیں، تاکہ اُن کی قوتِ مدافعت میں کمی نہ ہو۔حیاتین د کی کمی سے عمر رسیدہ افراد بہ آسانی مختلف قسم کی بیماریوں کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں، اس لئے گھر والوں کو چاہیے کہ ان کی زیادہ دیکھ بھال کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں