سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کاردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کولپور میں خودکش بمبار سمیت فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 نومبر 2026 سے سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے علاقوں کولپور، کاردگاپ اور نوشکی کے گردونواح میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد علاقے میں سیکیورٹی کنٹرول مضبوط بنانے، گشت کے ذریعے نگرانی بڑھانے اور کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ (این-40) پر مقامی ٹریفک کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب کولپور میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ کارروائی کے دوران اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق 14 نومبر کو فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے گشت پر مامور فوجی گاڑیوں کو مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے میجر عمر منہاس ناصر، ساکن ضلع چکوال، اور حوالدار محمد عدنان خان، ساکن کوٹلی ستیاں، نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کی کارروائی سیکیورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکی اور مقامی آبادی کے تحفظ سمیت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔ ان علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رکھے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت اور دیگر مخالف انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پشت پناہی میں فتنہ الہندوستان ڈرونز، دیسی ساختہ بارودی سرنگوں (آئی ای ڈیز) اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع استعمال کرتے ہوئے شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، تاکہ علاقے میں امن و معمولات زندگی برقرار رکھنے کے لیے حکومتی اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچایا جاسکے۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بھارت فتنہ الہندوستان کو مسلسل مالی معاونت کے ساتھ جدید آلات اور ٹیکنالوجی بھی فراہم کر رہا ہے۔ تاہم سیکیورٹی فورسز اس بدلتے ہوئے خطرے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو کسی بھی ذریعے سے کارروائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔









