بلوچستان ہائیکورٹ نے صوبے کے منتخب بلدیاتی نمائندوں، چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے معاوضوں اور تنخواہوں کے تعین سے متعلق آئینی درخواست نمٹاتے ہوئے حکومت بلوچستان کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملے پر قانون و مالیات کے محکموں کے تحفظات دور کرکے مجوزہ بلوچستان لوکل کونسلز (معاوضہ) رولز کو حتمی شکل دی جائے اور تمام ضروری قانونی و انتظامی کارروائی ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرتے ہوئے معاملہ چھ ماہ کے اندر مجاز اتھارٹی یا کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔
جسٹس اقبال احمد کاسی اور جسٹس میاں محمد رؤف عطا پر مشتمل عدالت عالیہ بلوچستان کے دو رکنی بینچ نے دائر ائینی درخواست کی سماعت کی جبکہ فیصلے کو جسٹس میاں محمد رؤف عطاء نے تحریر کیا۔عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 140-A کے تحت مقامی حکومتوں کا نظام جمہوری طرز حکمرانی کا اہم ستون ہے، لہٰذا منتخب بلدیاتی نمائندوں کو اپنی قانونی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کے لیے ضروری ادارہ جاتی معاونت اور مناسب قانونی و مالیاتی سہولیات فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
یہ آئینی درخواست میونسپل کمیٹی مستونگ کے منتخب چیئرمین کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کے سیکشن 35 کے تحت چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کو معاوضہ ملنا چاہیے، تاہم طویل عرصے سے عوامی و بلدیاتی ذمہ داریاں انجام دینے کے باوجود انہیں کسی قسم کا معاوضہ یا تنخواہ ادا نہیں کی جا رہی۔
درخواست گزار نے 12 جولائی 2023 سے قانونی مدت کی تکمیل تک معاوضے کی ادائیگی اور ان کے سروس اسٹیٹس یا گریڈ کے باضابطہ تعین کی بھی استدعا کی تھی۔درخواست میں مزید بتایا گیا کہ 27 فروری 2025 کو کوئٹہ کے پیگاسس کلب میں منعقدہ لوکل گورنمنٹ کانفرنس بعنوان ”مقامی نظم و نسق کو بااختیار بنانا، آوازوں کو متحرک کرنا اور مستقبل کی تشکیل“ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور کونسلرز کے لیے معاوضوں اور پی او ایل اخراجات کی فراہمی سمیت بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے لیے اہم اعلانات کیے تھے۔
بعدازاں 28 فروری 2025 کو وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے چیف سیکرٹری کے متعلقہ حکام کو ان اعلانات پر عمل درآمد کے لیے سمری تیار کرکے پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔
درخواست گزار کے مطابق متعلقہ حکام کو باضابطہ نمائندگی کے باوجود وزیراعلیٰ کے اعلان پر مؤثر پیش رفت نہیں ہوئی، جس پر انہوں نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا۔محکمہ لوکل گورنمنٹ نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست قبل از وقت ہے، کیونکہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کے سیکشن 35 میں معاوضے کی ادائیگی کو قواعد کے ذریعے مقرر کیے جانے سے مشروط کیا گیا ہے۔
محکمے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں 21 مارچ 2025 کو سمری پر کارروائی شروع کردی گئی تھی۔
محکمہ قانون و پارلیمانی امور نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ معاوضوں کی ادائیگی کے لیے باقاعدہ قواعد کی تشکیل اور قانونی طریقہ کار کی تکمیل ضروری ہے، جبکہ محکمہ خزانہ نے بتایا کہ سمری کا جائزہ لینے کے بعد 3 اپریل 2025 کو مالیاتی مشاہدات کے ساتھ اسے محکمہ لوکل گورنمنٹ کو واپس بھجوا دیا گیا تھا۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مجوزہ معاوضوں کے نتیجے میں سالانہ تقریباً ایک ارب 80 کروڑ روپے تک کے مالی اخراجات سامنے آسکتے ہیں، اس لیے قواعد کی تشکیل، بجٹ کی دستیابی اور مالیاتی منظوری کے بغیر ادائیگی ممکن نہیں۔
انہوں نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی عہدے دار ہیں، انہیں سرکاری ملازمین یا مستقل بلدیاتی ملازمین کے مساوی قرار دے کر سول سروس گریڈ یا سروس اسٹیٹس نہیں دیا جا سکتا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کے سیکشن 35(1) کے مطابق کسی کونسل کا چیئرمین یا وائس چیئرمین ایسا معاوضہ وصول کرسکتا ہے جو قواعد کے تحت مقرر کیا جائے۔
عدالت کے مطابق جب تک قانون کے تحت باقاعدہ قواعد وضع اور نوٹیفائی نہیں کیے جاتے، کسی مخصوص رقم کی ادائیگی کا خودکار قانونی حق پیدا نہیں ہوتا۔
تاہم وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے 27 فروری 2025 کو کیا گیا اعلان اور اس کے بعد جاری ہونے والی سرکاری مراسلت اس امر کی متقاضی ہے کہ متعلقہ محکمے اس معاملے کو سنجیدگی، ذمہ داری اور بروقت طریقے سے منطقی انجام تک پہنچائیں۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ بلدیاتی ادارے صفائی، نکاسی آب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، عوامی مقامات کی دیکھ بھال اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان اداروں کے منتخب سربراہان عوامی مسائل کے حل اور شہری خدمات کی بہتری کے لیے اہم ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں، لہٰذا بلدیاتی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ان کی قانونی و انتظامی معاونت ضروری ہے۔فیصلے میں واضح کیا گیا کہ معاوضے کی کسی مخصوص رقم کی خودکار یا سابقہ ادائیگی کا حق تسلیم نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو سرکاری ملازمین یا سول سروس کے کسی گریڈ کے مساوی قرار دیا جا رہا ہے۔
معاوضے کی نوعیت، آغاز، قابل قبولیت اور کسی بھی سابقہ ادائیگی کا تعین متعلقہ قانون، اس کے تحت بنائے جانے والے قواعد اور مالیاتی و بجٹ کی ضروریات کے مطابق کیا جائے گا۔عدالت نے اپنے حکم میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور اور محکمہ خزانہ کے ساتھ مل کر تمام قانونی، انتظامی اور مالیاتی اعتراضات دور کرے، مجوزہ بلوچستان لوکل کونسلز (معاوضہ) رولز کو تیزی سے حتمی شکل دے اور ایک مستحکم، قانونی طور پر قابل عمل اور مالیاتی اعتبار سے موزوں تجویز مجاز اتھارٹی یا کابینہ کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرے۔
عدالت نے مزید ہدایت کی کہ چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور دیگر منتخب بلدیاتی نمائندوں کے لیے ان کی قانونی ذمہ داریوں اور عوامی خدمات میں کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب معاوضے کے تعین پر بھی غور کیا جائے۔
عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ تمام کارروائی ترجیحی بنیادوں پر اور اس فیصلے کی وصولی کے چھ ماہ کے اندر مکمل کی جائے تاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے اعلان کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔ عدالت نے آئینی درخواست مذکورہ ہدایات کے ساتھ نمٹا دی۔









