کسی بھی منصوبے میں تاخیر قابلِ قبول نہیں ہوگی، چیف سیکرٹری بلوچستان

26

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت اوور سائٹ اسٹریٹجک پروجیکٹس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں زیرِ التوا اور جاری اہم اسٹریٹجک منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد سے وابستہ تمام اہم منصوبے مقررہ مدت میں معیار اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی منصوبے میں تاخیر قابلِ قبول نہیں ہوگی اور ذمہ دار آفیسران کو ہر ممکن اقدام کے ذریعے کام کی رفتار تیز کرنی ہوگی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ یہ منصوبے صرف تعمیراتی سرگرمیاں نہیں بلکہ عوام کی بنیادی ضروریات، سہولیات اور معیار زندگی کے بہتر امکانات کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ ان کی تکمیل سے صوبے کی معیشت کو مثبت فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور عوامی خدمت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبوں کی نگرانی کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے گا، جبکہ ہر منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔

چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبوں میں معیار، شفافیت اور وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے اور رکاوٹوں کی صورت میں فوری طور پر حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی وسائل کا شفاف اور موثر استعمال حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور تمام ادارے اپنی ذمہ داریوں کی بھرپور ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد ان کی دیکھ بھال اور پائیداری کے لیے بھی عملی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 34 اسٹرٹیجک منصوبوں میں سے 14 مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ منصوبوں پر کام جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں