پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں بجلی و گیس کی بدترین بندش ،پینے کے صاف پانی کی قلت اور بھاری بلوں کی وصولی پر متعلقہ کمپنیوں کی عوام دشمنی پر مبنی اقدامات کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیاہے کہ صوبے کی گیس صرف چند اضلاع تک محدود ہے اُس میں بھی پشتون اضلاع کے صرف کوئٹہ ،پشین اور زیارت کو گیس کی سہولت حاصل تھی ، کوئٹہ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے روزانہ تقریباً آٹھ گھنٹے گیس کی فراہمی، وہ بھی انتہائی کم پریشر کے ساتھ، شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔
سردیوں کا موسم شروع ہوچکا ہے، ایسے میں گیس کی محدود فراہمی اور کم پریشر عوام کے لیے مزید پریشانیوں کا سبب بنا ہے۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری مہنگے داموں ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ دوسری جانب بجلی اور گیس کے بھاری بھرکم بلز باقاعدگی سے عوام کو بھیجے جا رہے ہیں۔ جب عوام کو بجلی اور گیس مناسب طریقے سے فراہم ہی نہیں کی جا رہی تو پھر ان سے بھاری بلوں کی وصولی کس بنیاد پر کی جا رہی ہی بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
کیسکو کی جانب سے بجلی کی طویل بندش، کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے پینے کے صاف پانی کا بحران بھی سنگین کر دیا ہے۔ عین اس وقت جب متعلقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی ہونی ہوتی ہے، بجلی بند کر دی جاتی ہے، جس کے باعث ٹیوب ویل نہیں چلتے اور شہری پانی کی بنیادی ضرورت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ دوسری جانب محکمہ واسا بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کو جواز بنا کر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
نتیجتاً کوئٹہ کی لاکھوں آبادی پینے کے صاف پانی کے حصول کے لیے شدید اذیت کا شکار ہے اور شہری مہنگے داموں واٹر ٹینکرز خریدنے پر مجبور ہیں۔اور یہ صورتحال عوام کے بنیادی انسانی اور شہری حقوق سے متعلق سنگین سوالات کو جنم دیتی ہے۔ بجلی، گیس اور پینے کا صاف پانی کوئی عیاشی نہیں بلکہ ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں بجلی و گیس کی عدم فراہمی، پانی کی قلت اور بھاری بلوں کا بوجھ ان کے لیے ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے۔
بیان میں حکومت ، کیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی اور محکمہ واسا کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ عوام کی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے،کوئٹہ کے شہریوں کو بجلی، گیس اور پانی فراہم کیا جائے، عوام پر بھاری بلوں کا غیر منصفانہ بوجھ ختم کیا جائے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پارٹی عوام کی تائید وحمایت سے احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے اور اس کی ذمہ دار حکومت اور متعلقہ کمپنیوں کے ذمہ داران پرعائد ہوگی۔









