ریکو ڈک منصوبے میں مقامی سپلائرز کی شمولیت بڑھانے کیلئے آر ڈی ایم سی کا تربیتی پروگرام مکمل

21

ریکو ڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے ضلع چاغی کے مقامی کاروباری اداروں اور سپلائرز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے وینڈر ڈویلپمنٹ پروگرام کا دوسرا مرحلہ مکمل کرلیا۔

کمپنی کے مطابق تین روزہ تربیتی پروگرام میں کرتاکہ، نوکنڈی، سیندک، دالبندین اور یک مچ سے تعلق رکھنے والی 13 کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو کمپنی کے شعبہ خریداری کے طریقہ کار، سپلائرز کی رجسٹریشن، ٹینڈرنگ اور بولی کی تیاری، تکنیکی تقاضوں، سامان کی ترسیل، ٹیکسز، بلنگ اور ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔

آر ڈی ایم سی کی پروکیورمنٹ ٹیم کی نگرانی میں منعقدہ پروگرام میں شرکاء کو اریبا نیٹ ورک کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن، کاروباری ترقی کی منصوبہ بندی اور کاروباری سرگرمیوں میں موجود خامیوں کی نشاندہی اور ان کے حل سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق پروگرام کا مقصد مقامی سپلائرز کو ریکو ڈک منصوبے سے وابستہ کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانا اور انہیں کمپنی کے خریداری کے معیارات اور تقاضوں سے آگاہ کرنا ہے۔

تربیتی پروگرام میں شریک ایک مقامی وینڈر نے کہا کہ اس اقدام سے مقامی کاروباری افراد کو خریداری کے طریقہ کار اور متعلقہ تقاضوں کو سمجھنے میں مدد ملی ہے، جبکہ اس طرح کی تربیت کاروباری صلاحیتوں میں اضافے اور مستقبل کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے معاون ثابت ہوگی۔

پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ کمپنی نے مقامی سپلائرز کا مسابقتی نیٹ ورک تشکیل دینے اور ریکو ڈک منصوبے میں مقامی کاروباری اداروں کی شمولیت بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں