پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میںدو اہلکاروں کی کارڈیک اریسٹ سے موت ودیگر کے اچانک خرابی واقعات تشویشناک ہیں،پشتونخوانیشنل عوامی پارٹی

35

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت اہلکاروں کی اموات اور متعدد اہلکاروں کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے واقعات پر گہری تشویش اور شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس ٹریننگ کالج میں زیرِ تربیت اہلکاروں کے ساتھ آخر کیا ہو رہا ہی دو اہلکاروں کی مختلف ایام میں مبینہ طور پر کارڈیک اریسٹ سے اموات اور دیگر اہلکاروں کا اچانک بلڈ پریشر بڑھنے کے واقعات انتہائی تشویشناک ہیں، جنہیں محض معمول کے طبی واقعات قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع شیرانی سے تعلق رکھنے والے اہلکار سمیع اللہ کی 5 نومبر اور ضلع ڑوب سے تعلق رکھنے والے اہلکار مرزا خان کی 7 نومبر کو موت کے واقعات کے ساتھ ساتھ دیگر زیرِ تربیت اہلکاروں کی اچانک طبیعت خراب ہونے کے معاملے کی مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔
پولیس حکام کی جانب سے فوڈ پوائزننگ اور ناقص خوراک کے امکان کو مسترد کرنا کافی نہیں، بلکہ ان واقعات کے اصل اسباب اور حقائق عوام کے سامنے لانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

پارٹی نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج کوئی ایسا ادارہ نہیں جہاں زیرِ تربیت اہلکاروں کی زندگیوں کو انتظامی غفلت، ناقص سہولیات، غیر معیاری خوراک یا تربیتی دباؤ کی بھینٹ چڑھایا جائے۔ یہ نوجوان اپنے خاندانوں کی امیدیں لے کر سرکاری ملازمت اور عوام کی خدمت کے لیے تربیت حاصل کرنے آتے ہیں۔ ان کی جان، صحت، عزت اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ متعلقہ حکام کی اولین ذمہ داری ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں پیش آنے والے تمام واقعات کی اعلیٰ سطحی عدالتی یا آزادانہ انکوائری کرائی جائے، زیرِ تربیت اہلکاروں کے طبی معائنے، خوراک کے معیار، رہائشی سہولیات، پینے کے صاف پانی، تربیتی ماحول اور ادارے کے انتظامی و طبی نظام کا مکمل جائزہ لیا جائے۔ اس کے علاوہ جاں بحق اہلکاروں کی میڈیکل رپورٹس اور دیگر متعلقہ ریکارڈ بھی شفاف تحقیقات کا حصہ بنایا جائے اور اگر کسی قسم کی غفلت، بدانتظامی یا ذمہ داری ثابت ہو تو ملوث حکام کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ دو نوجوان اہلکاروں کی اموات اور دیگر اہلکاروں کی صحت سے متعلق پیش آنے والے واقعات کو محض سرکاری وضاحتوں کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام عوام کو حقائق سے آگاہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ آئندہ کسی زیرِ تربیت اہلکار کی زندگی اور صحت انتظامی غفلت کی وجہ سے خطرے میں نہ پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں