قومی احتساب بیورو (نیب) نے مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق بعض پہلے سے شروع کردہ انکوائریوں اور تحقیقات پر اپنی توجہ مبینہ طور پر بڑھا دی ہے۔ ان معاملات کا تعلق سرکاری امور سے ہے اور بعض کیسز میں ایک بااثر سیاسی شخصیت کے قریبی حلقے سے وابستہ افراد بھی شامل ہیں ۔ حال ہی میں سرکاری محکمے نے اس سیاسی شخصیت کو نوٹس بھی جاری کیا تھا , پیشرفت سے واقف ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں زیرِ التوا رہنے والے یا جن معاملات میں بہت کم پیش رفت ہوئی تھی، اب ان پر دوبارہ توجہ دی جا رہی ہے اور متعلقہ ریکارڈ اور پہلے کی کارروائیوں کا ازسرِنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ سرگرمیاں اہم سیاسی فریقوں کے درمیان حالیہ تبادلۂ خیال کے بعد بڑھتی سیاسی کشیدگی کے ماحول میں سامنے آئی ہیں، جس سے صورتحال میں ایک اور پہلو کا اضافہ ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، جن معاملات کی جانچ کی جا رہی ہے وہ کسی ایک فرد تک محدود نہیں بلکہ ان کا دائرہ مذکورہ سیاسی شخصیت کے خاندان اور قریبی حلقے سے وابستہ افراد تک پھیلا ہے۔ ان میں سے بعض کیسز مبینہ طور پر سابقہ حکومتوں کے ادوار میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے متعلق ہیں اور ایسے معاملات پر مشتمل ہیں جو پہلے ہی احتسابی اداروں کی توجہ کا مرکز بن چکے تھے۔ ان کیسز کی دوبارہ جانچ پڑتال سے یہ سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ آیا احتساب کا عمل زیرِ التوا تحقیقات کو آگے بڑھانے کی ادارہ جاتی کوشش ہے یا اس سرگرمی کے دوبارہ آغاز کے وقت اور اس کی شدت پر موجودہ سیاسی ماحول نے اثر ڈالا ہے۔
حالیہ سیاسی کشیدگی میں اضافہ، محکمانہ نوٹس کے بعد نیب کی کارروائی
37









