حکومت بلوچستان کا بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے خاتمے کا فیصلہ، اثاثوں اور ریکارڈ کی منتقلی کے لیے کمیٹی قائم

41

حکومت بلوچستان نے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF)کے خاتمے کے بعد اس کے اثاثوں، فنڈز، ریکارڈ، زیر التوا مالی ذمہ داریوں اور دیگر امور کی مجوزہ اسکالرشپ یونٹ کو منتقلی کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔

محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی وزیراعلیٰ بلوچستان کے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کمپنی کو ختم کرنے کے فیصلے اور چیف سیکرٹری کی منظوری کے بعد تشکیل دی گئی ہے۔کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کریں گے جبکہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور اور محکمہ خزانہ کے گریڈ 19 یا اس سے اوپر کے نمائندے بطور ممبر شامل ہوں گے چیف ایگزیکٹو آفیسر بی ای ای ایف یا ان کے عہدے کا چارج سنبھالنے والے افسر کمیٹی کے ممبر و سیکرٹری ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی بی ای ای ایف کے اثاثوں کی تصدیق، فنڈز اور سرمایہ کاری کے حسابات کی جانچ، اسکالرشپ سے متعلق مالی ذمہ داریوں، ریکارڈ اور انفارمیشن سسٹم کی منتقلی، انسانی وسائل، معاہدوں اور قانونی امور کا جائزہ لے کر باقاعدہ حوالگی کا عمل مکمل کرے گی۔

کمیٹی بی ای ای ایف کے موجودہ عملے میں سے 10 سے 15 تکنیکی ملازمین کو مجوزہ اسکالرشپ یونٹ میں برقرار رکھنے کی بھی سفارش کرے گی،جس کے لیے انٹرویوز، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مہارت اور موزونیت کا جائزہ لیا جائے گا۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ کمیٹی ضرورت پڑنے پر دیگر افسران اور تکنیکی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کرسکے گی اور نوٹیفکیشن کے اجرا کے 30 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں