حکومتِ بلوچستان اور نادرا کے باہمی تعاون سے صوبے میں پہلی مرتبہ ڈیجیٹل نکاح رجسٹرار رجسٹریشن اور ڈیجیٹل سولمنائزیشن ماڈیول کا پائلٹ بنیادوں پر کامیاب آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں یونین کونسل حاجی غیبی روڈ، وارڈ نمبر 22، میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں پہلی ڈیجیٹل نکاح رجسٹریشن اور میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (MRC) کا کامیابی سے اجرا عمل میں لایا گیا۔
اس اقدام کے تحت بلوچستان کے پہلے نکاح رجسٹرار مولوی سمیع اللہ کی ڈیجیٹل رجسٹریشن اور لائسنس کا اجرا 28 اکتوبر 2026 کو کیا گیا، جبکہ انہی کے ذریعے پہلا میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ 29 اکتوبر 2026 کو ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹر کیا گیا اور 30 اکتوبر 2026 کو جاری کیا گیا۔
اس پائلٹ منصوبے کی کامیاب تکمیل میں ڈاکٹر نوشین خان، ڈپٹی ڈائریکٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ؛ داد مومند، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (CRVS)، نادرا؛ اور محمد عارف، فیلڈ آفیسر، ضلع کوئٹہ نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ مولوی سمیع اللہ، پہلے ڈیجیٹل طور پر رجسٹرڈ نکاح رجسٹرار بلوچستان نے اس نظام کے تحت پہلے نکاح کی رجسٹریشن انجام دی۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت رجسٹرڈ نکاح رجسٹرار پاک آئی ڈی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے نکاح کی تفصیلات اور ضروری دستاویزات متعلقہ یونین کونسل کو ارسال کر سکیں گے۔ یونین کونسل سیکرٹری کی جانب سے تصدیق اور منظوری کے بعد میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ خودکار طور پر تیار ہوگا، جسے نکاح رجسٹرار، دلہا اور دلہن اپنے اپنے پاک آئی ڈی اکائونٹس کے ذریعے ڈان لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔
اس ڈیجیٹل اقدام کا مقصد نکاح اور شادی کی رجسٹریشن کے عمل کو شفاف، موثر، محفوظ اور تیز رفتار بنانا، دستی کارروائیوں میں کمی لانا اور شہریوں کو جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا ہے۔بلوچستان میں اس پائلٹ منصوبے کی کامیاب تکمیل صوبے میں سول رجسٹریشن سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جس سے مستقبل میں اس سہولت کو صوبے کی دیگر یونین کونسلز تک توسیع دینے کی راہ ہموار ہوگی۔









