بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ، حب اور خضدار میں کارروائیاں،2 سویٹ سپاری یونٹس سیل، 25 فوڈ یونٹس پر جرمانے، 28 کو اصلاحی نوٹسز جاری

33

عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کوئٹہ، حب اور خضدار میں کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ مختلف مقامات پر انسپیکشن کے دوران مجموعی طور پر 25 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد کیے گئے، 28 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ 2 سویٹ سپاری یونٹس سیل کر دئیے گئے۔

ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ میں کارروائیوں کے دوران سکینہ پلازہ، مکران روڈ پر بغیر لائسنس مشتبہ خشک دودھ پاوڈر کی پراسیسنگ اور پیکنگ کرنے والے یونٹ کو سیل کرکے انتظامیہ کو مزید تحقیقات کے لیے طلب کر لیا گیا۔ اسی طرح قلات روڈ پر بغیر لائسنس اور پروڈکٹ رجسٹریشن، ناقص صفائی اور غیر معیاری اسٹوریج پر سویٹ سپاری یونٹ کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پشتون آباد میں نمکو پراسیسنگ یونٹ کو غیر معیاری کوکنگ آئل کے استعمال اور صفائی و اسٹوریج کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ مکران روڈ پر بغیر لائسنس پکوان ہاوس اور سرکی روڈ پر ڈسٹری بیوشن سینٹر کے خلاف بھی فوڈ سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی۔شہر کے دیگر علاقوں میں خدئیداد روڈ، کاسی روڈ اور جوائنٹ روڈ پر ہوٹلز، پیزا شاپس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس، بیکریز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کی چیکنگ کی گئی۔

متعدد مراکز کو صفائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت میں غفلت، کھلے کوڑے دان، زنگ آلود ریفریجریٹرز، حشرات کی موجودگی، اشیا ءخورونوش پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخیں درج نہ کرنے اور خوراک کو غیر مناسب انداز میں ذخیرہ کرنے پر جرمانے کیے گئے۔دودھ کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے سمنگلی روڈ اور طوغی روڈ پر ملک سیفٹی ٹیموں نے مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔

موقع پر لیے گئے نمونوں کی جانچ کے دوران دودھ میں پانی اور سکمڈ ملک پاوڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر 4 دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ معمولی نقائص پر 5 دکانوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔دوسری جانب حب سٹی کے بھوانی اور آر سی ڈی ایریاز میں 22 فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا گیا جہاں 10 مراکز پر جرمانے عائد اور 7 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

دو جنرل اسٹورز پر زائدالمیعاد اشیاء اور ممنوعہ گٹکا جبکہ ریسٹورنٹس میں ناقص صفائی، ممنوعہ چائنیز نمک، غیر معیاری اسٹوریج، نان فوڈ گریڈ رنگوں کے استعمال اور حشرات کی روک تھام کے ناکافی انتظامات پر کارروائی کی گئی۔ مزید برآں متعدد کاروباری مراکز کے مالکان میں لائسنس کے حصول کے لیے فارم بھی تقسیم کیے گئے۔بی ایف اے حکام کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیمیں صوبہ بھر میں خوراک کی تیاری، ذخیرہ اندوزی، پراسیسنگ اور فروخت کے مراکز کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیا خورونوش کی روک تھام کے ساتھ عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں