ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی)بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق نے کوئٹہ کی یونین کونسل خوشحال روڈ کا دورہ کیا اور جاری انسدادِ پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی فیلڈ کارکردگی اور مہم پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں کی سرگرمیوں، پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچا ئوکے قطرے پلانے کے عمل اور مہم کے موثر نفاذ کا معائنہ کیا۔
کوآرڈینیٹر ای او سی انعام الحق نے پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں تک رسائی یقینی بنائی جائے اور اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہے۔انہوں نے پولیو مہم کے اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ ٹیموں کی ذمہ داری، موثر نگرانی اور گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس موقع پر یونیسف بلوچستان کے پولیو ٹیم لیڈ شاہ پورسلیمان بھی موجود تھے۔









