کراچی میں پابندی کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے حادثے میں موٹرسائیکل سوار جاں بحق

27

شہر میں موت بانٹتی ہوئی ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا ٹریفک حادثات میں ٹریلر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار سے جینے کا حق چھین لیا، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ہیوی گاڑیوں کے شہر میں داخلے کی پابندی کی خلاف ورزی کرتا ہوا اورنگی ٹاؤن بنگلہ بازار تک پہنچ گیا اور ایک موٹر سائیکل سوار کی جان لیکر موقع سے ٹریلر چھوڑ کر فرار بھی ہوگیا۔

ٹریفک پولیس کی عدم دلچسپی کے باعث ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے کی پابندی کی کھلی خلاف ورزی پر قابو نہ پا سکی۔

جمعے کی رات سے پیر کی شام تک ٹریلر اور واٹر ٹینکر نے حاملہ خاتون سمیت 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ 4 افراد شدید زخمی بھی ہوگئے۔

لیاقت آباد اور کریم آباد میں عوام کی جانب سے جمعے کی شب اور اتوار کی شب حادثات کے زمہ دار 2 ٹریلروں کو نذر آتش بھی کیا جا چکا ہے لیکن اس کے باوجود ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا حادثات روکنے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 15 بنگلہ بازار کے قریب پیر کی شام ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 30 سالہ طلحہٰ کے نام سے کی گئی۔ اس حوالے سے موقع پر موجود شہریوں کا کہنا تھا کہ جس وقت ٹریلر سے موٹر سائیکل سوار کا جان لیوا حادثہ ہوا اس وقت ٹریلر سمیت دیگر ہیوی گاڑیوں کی شہر میں داخلے کی پابندی عائد ہوتی ہے.

تاہم ٹریفک پولیس کی غفلت و لاپروئی کا اندازہ اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا کہ پابندی کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ ایک قیمتی انسانی جان بھی چلی گئی اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں