پاکستان کے سب سے قدیم فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے 69ویں ایڈیشن کے لیے گولڈ اور سلور ٹورنامنٹس کے اسکواڈز اور شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ٹورنامنٹ کا آغاز آج 3 نومبر سے ہوگا جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم اور ون ڈے کپتان شاہین شاہ آفریدی بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، جبکہ دونوں ایونٹس میں مجموعی طور پر 20 ریجنل ٹیمیں 60 فرسٹ کلاس میچز کھیلیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قائداعظم ٹرافی گولڈ ٹورنامنٹ میں آٹھ جبکہ سلور ٹورنامنٹ میں 12 ریجنل ٹیمیں شرکت کریں گی۔ گولڈ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں بابر اعظم لاہور وائٹس کی نمائندگی کریں گے، جبکہ پاکستان ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی فاٹا کی قیادت کریں گے۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی مقابلہ لاہور وائٹس اور فاٹا کے درمیان 3 نومبر کو ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔
قائداعظم ٹرافی گولڈ میں دفاعی چیمپئن کراچی بلوز کے علاوہ فیصل آباد، فاٹا، لاہور وائٹس، اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سیالکوٹ بلوز شامل ہیں۔گولڈ ٹورنامنٹ 3 نومبر سے 19 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے ہر راؤنڈ میں چار میچز کھیلے جائیں گے۔ مقابلوں کی میزبانی اسلام آباد، ایبٹ آباد اور راولپنڈی کے کرکٹ گراؤنڈز کریں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 سے 19 دسمبر تک کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب قائداعظم ٹرافی سلور ٹورنامنٹ بھی 3 نومبر سے 7 دسمبر تک جاری رہے گا، جس میں شریک 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔سلور ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں لاہور بلوز، راولپنڈی، لاڑکانہ، کوئٹہ، بہاولپور اور پشاور وائٹس شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں کراچی وائٹس، آزاد جموں و کشمیر، حیدرآباد، ڈیرہ مراد جمالی، ایبٹ آباد اور سیالکوٹ وائٹس کو رکھا گیا ہے۔
سلور گروپ اے کے میچز کراچی کے اسٹیٹ بینک گراؤنڈ، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس اور کے سی سی اے اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ گروپ بی کے مقابلے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم، اسپورٹس کمپلیکس رحیم یار خان اور ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں ہوں گے۔گولڈ ٹورنامنٹ کے میچز نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں منعقد ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق قائداعظم ٹرافی گولڈ ٹورنامنٹ کے تمام میچز براہ راست اسٹریم کیے جائیں گے، جبکہ سلور ٹورنامنٹ کے ہر راؤنڈ میں چھ میں سے چار میچز کی لائیو اسٹریمنگ ہوگی۔ٹورنامنٹ کے ایک اہم پہلو کے تحت سلور ایونٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں اگلے سیزن میں گولڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کی اہل ہوں گی، جس سے ریجنل ٹیموں کو اعلیٰ سطح کے فرسٹ کلاس کرکٹ مقابلوں میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔









