گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر علامہ حافظ طاہر اشرفی نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس کوئٹہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ طاہر اشرفی نے گورنر بلوچستان کو قومی پیغامِ امن کے فروغ اور علمائے کرام سمیت مختلف مذاہب کے اکابرین کی کوششوں سے آگاہ کیا۔
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کا امن، اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی قومی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ تمام مذاہب اور مسالک کے ماننے والوں کے درمیان باہمی احترام، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق فراہم کرتا ہے، جبکہ معاشرے میں امن و استحکام کے لیے علمائے کرام اور مذہبی رہنماں کا کردار قابلِ قدر ہے۔
اس موقع پر علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے، جہاں تمام مذاہب کے پیروکار آزادانہ زندگی گزار رہے ہیں۔ آئینِ پاکستان ایک دوسرے کے مذاہب اور مسالک کے احترام کا درس دیتا ہے، جبکہ قومی پیغامِ امن کمیٹی بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔









