کوئٹہ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، بروری روڈ سے غیر قانونی قبضے ختم

12

وزیراعلیٰ میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن صاف اور خوبصورت بلوچستان کے تحت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ سریاب اور بروری روڈ پر میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران متعدد تجاوزات مسمار کرکے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک کردیا گیا۔

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ایڈمنسٹریٹر بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی ہدایات پر سریاب زون میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا، جس کی نگرانی انکروچمنٹ آفیسر قاسم خان نے کی۔ کارروائی کے دوران سریاب روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات، عارضی شیڈز، تختوں اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے ریڑھی بانوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی گئی۔

آپریشن کے دوران تجاوزات میں استعمال ہونے والا سامان قبضے میں لے کر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ویئر ہاس منتقل کردیا گیا، جبکہ متعدد غیر قانونی تجاوزات موقع پر ہی مسمار کردی گئیں۔دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد درانی کی ہدایت پر بروری روڈ پر بھی غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مشترکہ کارروائی کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر اور میونسپل مجسٹریٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر عمران زیب کی نگرانی میں سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم تجاوزات ہٹا دی گئیں۔اس موقع پر دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ غیر قانونی تجاوزات قائم نہ کریں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں تجاوزاتی سامان ضبط کرنے، گرفتاری اور دکانیں سیل کرنے سمیت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق بروری روڈ پر کارروائی عوامی شکایات اور تجاوزات کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے پیش نظر کی گئی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام نے واضح کیا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے، ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں