جیکب آباد : نجی میڈیکل سینٹر کے مالک سے ایک کروڑ بھتہ طلبی کا الزام، عدالت میں درخواست پر کل سماعت مقرر

33

جیکب آباد: نجی میڈیکل سینٹر کے مالک سے ایک کروڑ بھتہ طلبی کا الزام، عدالت میں درخواست پر کل سماعت مقرر،بھتہ نہ دینے پر پانچ مسلح افراد کے حملے کا دعویٰ، پولیس کی مبینہ عدم کارروائی پر عدالت سے رجوع کیا: عبدالستار بنگلانی،مجید گلوانی جکھرانی پر کروڑوں روپے بھتہ طلب کرنے کا الزام، دونوں فریقین کے پولیس کو بیانات ریکارڈ۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آبادکے کوئٹہ روڈ پر واقع لطیف میڈیکل سینٹر کے مالک عبدالستار بنگلانی کی جانب سے مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کئے جانے کے الزام پر دائر درخواست کی مقامی عدالت میں آج سماعت ہوگی۔ درخواست گزار نے مجید گلوانی جکھرانی پر بھتہ طلب کرنے اور مبینہ دھمکیاں دینے کے الزامات عائد کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کئے جانے پر عدالت سے رجوع کیا ہے۔

لطیف میڈیکل سینٹر کے مالک عبدالستار بنگلانی نے الزام عائد کیا کہ ان سے ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کیا گیا۔ معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے سڑک بھی بند کی گئی،۔ گزشتہ روز عبدالستار بنگلانی اور نامزد شخص مجید گلوانی جکھرانی نے پولیس کے سامنے اپنے اپنے بیانات بھی ریکارڈ کرائے۔درخواست گزار عبدالستار بنگلانی کا کہنا ہے کہ اس نے مبینہ دھمکیوں اور بھتہ طلبی کے معاملے سے پولیس کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا، تاہم کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

ان کے مطابق اگلے روز بھتہ نہ دینے پر پانچ مسلح افراد نے میڈیکل سینٹر پر حملہ کیا اور انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی۔عبدالستار بنگلانی نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کے بعد دھرنا اور احتجاج بھی کیا گیا، لیکن پولیس نے مبینہ طور پر مقدمہ درج نہیں کیا، جس کے باعث انہیں عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے رویے سے مطمئن نہیں اور انہیں انصاف کے لئے عدالت سے امید ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ بھتہ طلبی، دھمکیوں اور میڈیکل سینٹر پر حملے کے الزامات کی قانونی طور پر تحقیقات کرکے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔دوسری جانب نامزد مجید گلوانی جکھرانی کا مؤقف بھی پولیس کے سامنے ریکارڈ کیا جاچکا ہے،مجید گلوانی جکھرانی نے میڈیا سے گفتگو میں بھتہ خوری کے الزامات کو بے بنیاد قراردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں