گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ تاجر اور صنعتکار ملک کے معاشی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، بزنس کمیونٹی کی خدمت دراصل ملک و قوم کی خدمت ہے۔
تاجر برادری اپنے کاروبار کے ذریعے نہ صرف سرکاری خزانے میں ٹیکس کی صورت میں اہم حصہ ڈالتی ہے بلکہ ہزاروں افراد کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کرتی ہے۔ گورنر مندوخیل نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر میرزا خان خلجی اور کابینہ کے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت بلوچستان کی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل کے حل اور صوبے کی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کریگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ جنرل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر احمد گل کاکڑ، سینئر نائب صدر میرزا خان خلجی، کابینہ کے دیگر عہدیداران اور پیٹرن اِن چیف غلام فاروق خلجی سمیت تاجر و صنعتکار برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کی سرگرمیوں سے ملک بھر میں تجارتی اور معاشی منڈیاں رواں دواں ہیں۔ تاجر برادری محنت اور حلال کمائی کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندانوں کا معاشی مستقبل سنوار رہی ہے بلکہ قومی معیشت کو بھی مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں قومی شاہراہوں پر سفری مشکلات کے سب سے منفی اثرات تاجر برادری پر مرتب ہو رہے ہیں۔
صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ قومی شاہراہوں پر محفوظ اور بلا رکاوٹ سفر کو یقینی بنانے کیلئے سیاسی مذاکرات کے ساتھ ساتھ ٹھوس اور عملی اقدامات بھی اٹھائے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان اور ایران کے ساتھ طویل سرحدیں ہیں اور خطے کی مجموعی کشیدہ صورتحال کے اثرات سے ہمارا صوبہ بھی متاثر ہوا ہے۔
ایسے حالات میں کاروباری سرگرمیوں اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مشکلات براہِ راست صوبے کی معیشت کو متاثر کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی متاثر ہوگی تو اس کے اثرات ہم سب پر مرتب ہونگے، اسلیے تاجر برادری کے مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کی سطح پر ہر ذمہ دار فورم پر تاجر برادری کے مسائل اور مشکلات کیلئے آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خاندانی پس منظر بھی تجارت سے وابستہ رہا ہے اور کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بنیاد رکھنے کے مراحل میں بھی میرا کردار رہا ہے، اسلیے تاجر برادری کے مسائل اور انکے مطالبات سے ذاتی طور پر واقف ہوں۔
گورنر بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، انتظامیہ اور تاجر برادری کے درمیان موثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، تجارتی راستوں کے تحفظ اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی ہیں۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں تاجروں اور کاروباری حضرات کا کلیدی کردار ہے۔ تاجروں اور صنعتکاروں کی معاشی و تجارتی سرگرمیوں سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے بلکہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی رواں دواں رہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے صدر سید عبدالقیوم آغا کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سید یاسین آغا، جنرل سیکرٹری حاجی محمد یوسف مومند، تاجر اتحاد بلوچستان کے صدر سید حیدر آغا سمیت دیگر عہدیداران بھی شریک تھے۔
ملاقات میں کوئٹہ شہر کے تاجروں اور کاروباری حضرات کو درپیش مسائل و مشکلات، خطے کی کشیدہ صورتحال کے منفی اثرات اور صوبے میں معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ انہوں نے ہر ذمہ دار فورم پر بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کی موثر نمائندگی کی ہے اور ان کے مسائل کے حل اور مشکلات میں کمی لانے کی خاطر تمام متعلقہ حکام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، بلوچستان کے تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔۔
وفد نے گورنر بلوچستان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر قانونی اور ٹیکس شدہ تجارتی مال کی بار بار غیرضروری چیکنگ، اور بوریاں کھولتے ہیں۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ سے چمن، پشین، لورالائی، مسلم باغ، خانوزئی اور دیگر علاقوں کو تجارتی مال کی ترسیل کے دوران تاجروں کو بلاجواز ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور قانونی و ٹیکس شدہ مال کی نقل و حمل میں غیر ضروری رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے۔ وفد نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی جانب سے بڑے کاروباری مراکز، چھوٹے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس پر عائد ٹیکسز میں کمی سمیت تاجروں کو درپیش دیگر مسائل کے حل کا بھی مطالبہ کیا۔
گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے وفد کے مسائل اور تحفظات غور سے سنے اور یقین دلایا کہ تاجروں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروباری برادری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کی خاطر تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار موثر انداز میں ادا کرنا اشد ضروری ہے۔









