امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ سے جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں بلوچستان بزنس فورم کے وفدنے میرمحمدعاصم سنجرانی،عبدالمجیدسربازی،حافظ نورعلی، سکندرعلی کی قیادت میں اہم ملاقات کی ملاقات میں بلوچستان کی تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل، مشکلات اور تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد نے بارڈر بندش، چیک پوسٹوں پر مبینہ غیر قانونی وصولیوں،سیکیورٹی اداروں کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات سامنے رکھے۔امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے وفد کی تمام شکایات اور تحفظات کو نہایت غور سے سنا اور یقین دلایا کہ تاجر برادری کے جائز حقوق اور مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی ہر آئینی و قانونی فورم پر بھرپور آواز اٹھائے گی۔
تاجروں کے مسائل حل ہوں گے توبلوچستان ترقی کریگاجماعت اسلامی صوبائی اسمبلی کے اندر بھی اور اسمبلی سے باہر بھی تاجر برادری کے مسائل کے لیے آواز بلند کرے گی۔ ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے وفد کی صورت میں ملاقات کرکے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا جائے گاجبکہ ضرورت کے مطابق ان مسائل کو ملکی سطح پر بھی متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے تاجر برادری سے دوٹوک انداز میں کہا”آپ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اپنے جائز حقوق کے لیے منظم اور متحد ہوکر آواز بلند کریں، ہم ہر فورم پر آپ کی آواز بنیں گے۔”انہوں نے تاجر برادری کو مزید منظم اور متحد کرنے کے لیے بڑے تاجر کنونشن کے انعقاد پر زور دیا اور کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ایک مضبوط، منظم اور مؤثر پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کی ممبر سازی کو وسیع کرنے پر بھی زور دیا گیاتاکہ بلوچستان سمیت ملک بھر کی تاجر برادری کو ایک مضبوط پلیٹ فارم پر منظم کیا جاسکے اور ان کے اجتماعی مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز تک پہنچایا جا سکے تاجر برادری کے جائز حقوق، کاروباری آزادی، محفوظ کاروباری ماحول اور مسائل کے حل کے لیے منظم جدوجہد جاری رہے گی۔









