پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ ہم نے تعلقات ختم نہیں کئے،رابطے برقرار ہیں، کس پاداش میں ہمارے وزرا کو گرفتار کیا گیا؟ جو لوگ طاقت میں ہیں انہیں عوام کے جذبات کا احساس کرنا ہوگا، ملک تشدد برداشت نہیں کر سکتا۔
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ تحریک انصاف سیاسی قوت ہے،جس کی جڑیں عوام میں ہیں،ہم پُرامن تھے،ہیں اور پُرامن رہیں گے، ایک دوسرے کو دھمکی دینے سے حالات بہتر نہیں ہوں گے، ہمارا نہیں،ملک کابندوبست کریں،ہمارا تعاون ساتھ ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہمیں 4 سال میں ایک بھی لانگ مارچ نہیں کرنے دیا گیا، آپ نے 3 سال میں 11 لانگ مارچ کیے تھے، بانی کے کیسز لگیں،انصاف کے مطابق فیصلے ہوں ہمارایہ مطالبہ ہے، آپ نے بات کو صرف مذاکرات کی پیشکش تک رکھا تھا،بات آگے نہیں بڑھائی، ہمارے 1500 کارکنان گرفتار ہو چکے،ایم پی ایز بھی گرفتار ہیں۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ہمارے وزرا گرفتار ہو چکے ہیں، ہم اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جا رہے، ہم اسلام آباد جائیں گے تو وہاں پاکستان کے جھنڈے ہوں گے، اسلام آباد جائیں گے تو بانی کے نعرے ہوں گے، قانون کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیں گے، پاکستان اور ریاست سب سے پہلے ہے، ہمیں کہا جا رہا ہے ہم آگے بڑھیں گے تو دہشتگردوں کی طرح نمٹا جائے گا،ہمیں دہشتگردوں کی طرح ٹریٹ کیوں کیا جائے گا،کیا ہم دہشتگردہیں؟ ہمیں اکسایا جا رہا ہے،ہم دہشتگردوں کی طرح نہیں آئیں گے، بانی پی ٹی آئی کیلئے آواز اُٹھاتے ہوئے آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حقوق کیلئے جمہوری انداز میں آگے بڑھنا ہے،عدالتی فیصلے پر آج ہی عمل کیاجائے، ہمارے گھر تڑوائے گئے،ہم اسلام کے ماننے والے ہیں، ہمارے گھر کیوں توڑے جارہےہیں؟ہم سوال کرنے کا حق رکھتےہیں۔









