سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 6 جوان بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 15 سے 17 ستمبر 2026 کے دوران خیبرپختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ کارروائیوں کے دوران 6 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایااور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 خوارج کو ہلاک کردیا۔
ہنگو میں ہونے والے ایک اور مقابلے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا۔ 17 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو دیسی ساختہ بم (IED) کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 6 بہادر جوانوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔









