پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ کی تقسیم کے خلاف 10 ستمبر سے اضلاع کی سطح پر مرحلہ وار سیمینارز کے انعقاد جبکہ 12 ستمبر کو ایم آر ڈی کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے 12 ستمبر کو ایم آر ڈی کے شہدا کے دن کے پیش نظر شیڈول میں تبدیلی کرتے ہوئے 12 ستمبر کو سندھ بھر میں ایم آر ڈی کے شہداء کا دن منانے کا اعلان کیا ہے۔
پی پی اعلامیے کے مطابق 12 ستمبر کو ایم آر ڈی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کے این شاہ میں جلسہ ہوگا اور سندھ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق سندھ کی تقسیم کے خلاف پہلے مرحلے میں 10 ستمبر سے مرحلہ وار تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں وحدت سندھ سیمینارز منعقد کیے جائیں گے۔
یہ اعلان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے پیر کو اپنے ایک جاری بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کے پیپلز پارٹی 12 ستمبر کو سندھ بھر میں ایم آر ڈی کے شہداء کا دن منائے گی اور 12 ستمبر کو کے این شاہ دادو میں ایم آر ڈی کے شہدا کے لئے جلسہ ہوگا جس میں شہدا کو خراج عقیدت و خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔









