ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائیگا،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ

23

ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیرِ صدارت کوئٹہ شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور جدید ائی ٹی لیب کے قیام و پیش رفت کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، منصوبوں کی موجودہ صورتحال، معیارِ تعمیر اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) کوئٹہ امیر حمزہ اور ایکسین (سٹی) سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایکسین (سٹی) کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو کوئٹہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں مختلف منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت، جاری تعمیراتی کام، درپیش مسائل اور منصوبوں کی تکمیل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے اگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں بالخصوص شہری سہولیات کی بہتری، انفراسٹرکچر کی ترقی، جاری تعمیراتی منصوبوں کی رفتار، کام کے معیار اور عوامی مفاد کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران سے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے تاکہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر نہ ہو اور مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں جدیدائی ٹی لیب کے حوالے سے بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ڈیجیٹل سہولیات کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں، اس لیے ائی ٹی لیب کو جدید تقاضوں سے ہم اہنگ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح و بہبود اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں، اس لیے ان منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے اور تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور موثر نگرانی کے ذریعے منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کریں اور کام کی پیش رفت سے متعلق باقاعدگی سے رپورٹ پیش کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں