وزیراعلی بلوچستان کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 ہماری دفاعی تاریخ کایادگار دن ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
6 ستمبرکو پاکستانی فوج نے نہ صرف مادر وطن کا دفاع کیا بلکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کو شکست دینے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔ بزدل دشمن نے لاہور پر قبضہ کرنے کے لیے رات کی تاریکی میں حملہ کیا اور پوری دنیا نے دیکھا کہ افواج پاکستان کے جری سپوتوں نے بے مثال بہادری سے دشمن کو پسپا کیا۔
پاک وطن کے جوانوں نے اپنی لازوال قربانیوں سے ثابت کیا کہ قومیں جنگیں ہتھیاروں سے نہیں بلکہ ایمان اور حوصلے سے جیتتی ہیں،تاریخ عالم پاک فوج کی بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے کی کوئی دوسری مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔
صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے اپنے خصوصی پیغام میں وطن عزیز کے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے-
دفاع وطن کے لئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء ہماری آن،بان اور شان ہیں۔آج پوری قوم شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ6 ستمبر یومِ دفاع پر پوری قوم پاک فوج کو دلی خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ معرکہ حق کی کامیابی نے قوم کے حوصلوں کو بلند کیا اور ہم سب اپنی افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ 6 ستمبر کا یہ یادگار دن ہمیں شہداء اور غازیوں کے جذبہ ایثار اور دفاعِ وطن کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔









