ضلع کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں دہشت گردانہ حملے کے دوران زخمی ہونے والے پانچ شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سکھر، لاڑکانہ اور کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی زیرِ نگرانی ان کا علاج شروع کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر چیف منسٹر کے پرسنل اسٹاف آفیسر سید امین نے واقعے کے فوری بعد کچھی انتظامیہ، زخمیوں کے اہلِ خانہ اور سکھر، لاڑکانہ اور کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں کے سربراہان سے مسلسل رابطہ قائم رکھا اور زخمیوں کی بروقت منتقلی، اسپتالوں میں داخلے اور علاج معالجے کے تمام انتظامات کو یقینی بنایا۔
حکومت بلوچستان کی جانب سے زخمی شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ متعلقہ حکام کو زخمیوں کی صحت سے متعلق مسلسل آگاہی حاصل کرنے اور علاج کے عمل کی نگرانی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے شہریوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کو ہر ممکن تعاون اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرسنل اسٹاف آفیسر سید امین متاثرہ خاندانوں اور متعلقہ اسپتالوں کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور زخمیوں کو درکار طبی و دیگر معاونت کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔









