کل بلوچستان میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، جماعت اسلامی

36

جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پیٹرولیم لیوی، بد امنی، بلوچستان میں بارڈروں اور قومی شاہراہوں کی بندش اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی، بے روزگاری کے خلاف 16 اگست سے ملک بھر میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں۔

اپنے احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے 3 ستمبر کو ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔

اس حوالے سے تاجروں، سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نائب امیر مولانا محمد عارف دمڑ، میڈیا انچارج عبدالولی خان شاکر، ضلع کوئٹہ کے امیر عبدالنعیم رندسمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک اور بالخصوص بلوچستان میں ہونے والی زیادتیوں، بدامنی، دہشت گردی اور حکمرانوں کی بیڈ گورننس کے خلاف ہر موقع پر آواز اٹھائی اس کے لئے پارلیمان سمیت ہر فورم پر عوام کے حقوق کے حصول مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے پر امن انداز میں آئینی اور جمہوری طریقے سے جدوجہد کی ہے جس طرح گزشتہ سال کوئٹہ سے اسلام آباد کے لئے ان مسائل کے حل کیلئے لانگ مارچ کیا تھا اور 16 اگست سے ملک بھر کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور میں احتجاجی دھرنے جاری ہیں اسی توسط سے جماعت نے کوئٹہ میں دھرنا دیا اور مظا ہرے بھی کئے کیونکہ ہماری روز اول سے یہی کوشش ہے کہ بلوچستان بھر میں جاری بد امنی، دہشت گردی، قومی شاہراہوں کی بندش اور بارڈروں کی بندش کے ساتھ ساتھ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کیا جائے کیونکہ بارڈروں کی بندش سے لاکھوں لوگ بے روزگا رہوچکے ہیں قومی شاہراہیں سفر کے لئے غیر محفوظ ہیں اور حکمرانوں کو بلوچستان کے حالات کی بہتری اور لوگوں کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے پیٹرولیم لیوی میں آئے روز اضافہ کرکے عوام کو لوٹ رہے ہیں۔

جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی، بارڈرز اور قومی شاہراہوں کی بندش، بدامنی، دہشت گردی، بے روزگاری کے خلاف احتجاج کررہی ہے اور اپنے احتجاج کو وسعت دیتے ہوئے 3 ستمبر کو پاکستان بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لئے ملک بھر کی تاجر تنظیموں، سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈر سے رابطے جاری ہیں ان کے تعاون سے اپنے احتجاج اور ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا پرامن احتجاج مطالبات کے حصول تک جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں