وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چار خوارج کو ہلاک کرنا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمتِ عملی کا ثبوت ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے دشمنوں کو مسترد کرتے ہیں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے قابلِ فخر خدمات انجام دے رہے ہیں۔









