بھارتیہ جنتا پارٹی نے نوجوان نسل خصوصاً ’جنریشن زیڈ‘ تک اپنی سیاسی رسائی بڑھانے کیلئے سوشل میڈیا پر روایتی سیاسی انداز سے ہٹ کر میمز، مقبول کارٹون کرداروں، فلمی مناظر اور نوجوانوں میں استعمال ہونے والی زبان کا سہارا لینا شروع کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر حالیہ دنوں میں اسپائیڈر مین، موٹو پتلو، یونانی جنگجوؤں، ڈریک اور فلمی کرداروں سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز استعمال کی گئی ہیں جنہیں حکمران جماعت کے سیاسی پیغامات کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔
اس حکمتِ عملی کو وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کی جانب سے نوجوان ووٹرز کے ساتھ رابطہ مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے کیونکہ بھارت کی آبادی میں نوجوانوں کا حصہ نمایاں ہے۔
بی جے پی کے ایک سوشل میڈیا پیغام میں پارٹی کے مرکزی انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ’اسپارٹیکس‘ سیریز کے ایک جنگجو کردار کے انداز میں پیش کیا گیا جبکہ ریاستی سطح کے اکاؤنٹس کو جنگجوؤں کی شکل میں دکھایا گیا۔
اس پیغام میں قوم پرستی کے جذبات کو نوجوانوں کے لیے مقبول بصری انداز اور انگریزی کے ’Gen-Z‘ طرز کے الفاظ کے ساتھ ملایا گیا۔
موٹو پتلو اور اسپائیڈر مین بھی سیاسی پیغام کا حصہ
بی جے پی کی حالیہ سوشل میڈیا مہم میں مقبول کارٹون کردار موٹو پتلو اور اسپائیڈر مین بھی دکھائی دیے۔ ایک پوسٹ میں موٹو پتلو کے ذریعے اتر پردیش میں بنیادی ڈھانچے سے متعلق حکومتی اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔
اس کے علاوہ کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کو ہدف بناتے ہوئے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کارٹون اور تصویری مواد بھی شیئر کیا گیا۔
ایک پوسٹ میں ہالی ووڈ فلم ’امریکن سائیکو‘ کے ایک منظر کو استعمال کرتے ہوئے راہول گاندھی پر طنز کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ ان کا ایک سیاسی بیانیہ ناکام ہوگیا۔









