ورزش کی عادت کا ایک اور بہترین فائدہ دریافت، نئی تحقیق کے نتائج جانیں

17

ورزش کو جسمانی صحت کے لیے بہت اہم قرار دیا جاتا ہے مگر یہ عادت دماغی صحت کے لیے بھی مفید ہوتی ہے۔

جرنل پلوس ون میں شائع ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا کہ معتدل جسمانی سرگرمیوں کو عادت بنانے سے ڈپریشن یا انزائٹی سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری کے نتیجے میں عام دماغی امراض جیسے ڈپریشن اور انزائٹی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق میں 18 سے 35 سال کی عمر کے 10 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا۔ ان افراد سے سوالنامے بھروائے گئے تھے تاکہ جسمانی سرگرمیوں کے دورانیے اور شدت کی تفصیلات حاصل کی جاسکیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری اور ایک سال بعد دماغی امراض سے متاثر ہونے کے درمیان تعلق موجود ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش کے تسلسل کو برقرار رکھنا اس کے دورانیے یا شدت کے مقابلے میں زیادہ اہم ہوتا ہے۔

اگر ہر ہفتے 10 گھنٹے جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنایا جائے تو عام دماغی امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔ مگر محققین کے مطابق ہر ہفتے کم از کم ڈھائی گھنٹے ورزش کرنے سے بھی دماغی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

محققین کے مطابق اگرچہ یہ مشاہداتی تحقیق ہے مگر جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا دماغی صحت کے لیے ضروری ہے۔ جوان افراد میں دماغی امراض بہت عام ہوتے جا رہے ہیں اور ڈپریشن سب سے عام مرض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں