معاون وزیر اعلی بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور موثر حکمت عملی قابل تحسین ہے۔ ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں کارروائیوں کے دوران 37 دہشت گردوں کا خاتمہ ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کارروائیوں نے نہ صرف دہشت گرد نیٹ ورکس کو موثر ضرب لگائی بلکہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں کو بھی ناکام بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے امن کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ بلوچستان میں امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت سکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون اور موثر رابطے کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی موثر حکمت عملی قابل تحسین ہے، شاہد رند
29









