بلوچستان میں فوڈ سیفٹی کے تحت کارروائی،21 مراکز کو جرمانہ جبکہ 23 کو اصلاحی نوٹسز جاری

21

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ، ڈیرہ اللہ یار اور تربت میں خوراک کے مراکز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 21 مراکز کو جرمانے اور 23 کو اصلاحی نوٹسز جاری کردیئے، جبکہ مختلف مقامات سے مضر صحت، زائدالمیعاد اور ممنوعہ اشیا برآمد کرکے تلف کردی گئیں۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے اے پی پی کوبتایاکہ صنعتی علاقے سرکی روڈ کوئٹہ میں 15 خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا گیا، جہاں 3 مراکز کو جرمانے اور 4 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے، جبکہ ایک مصالحہ جات یونٹ سے مصنوعات کی رجسٹریشن اور معیار کی جانچ کے لیے نمونہ حاصل کیا گیا۔

حکام کے مطابق ایک اسنیکس مینوفیکچرنگ یونٹ کو ناقص صفائی، نامناسب لیبلنگ، اشیا کی غیر مناسب ہینڈلنگ و اسٹوریج، پروڈکٹ رجسٹریشن نہ ہونے، موثر پیسٹ مینجمنٹ کی عدم موجودگی، ورکرز کے حفاظتی لباس استعمال نہ کرنے اور خراب و بدبودار تیل کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔

ایک مصالحہ جات یونٹ کو غیر صحت بخش ماحول، نان فوڈ گریڈ کلر کے استعمال، مصالحہ جات کو فرش پر کھلے عام رکھنے اور ورکرز کی جانب سے مکمل حفاظتی لباس استعمال نہ کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ ایک ہول سیل ڈسٹری بیوٹر کو نامناسب اسٹوریج، درجہ حرارت کی نگرانی کے ناقص نظام، پیسٹ مینجمنٹ، ٹریس ایبلٹی ریکارڈز اور بی ایف اے لائسنس نہ ہونے پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

دوسری جانب پشتون آباد کوئٹہ میں 19 خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا گیا، جہاں 5 مراکز کو جرمانے اور 6 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ ایک جنرل اسٹور سے زائدالمیعاد اسنیکس، کولڈ ڈرنکس، ممنوعہ نان فوڈ کلر اور چائنیز نمک برآمد ہوا، جبکہ 4 بیکریوں کو ناقص صفائی، حفاظتی لباس کے عدم استعمال، اشیائے خورونوش کی نامناسب اسٹوریج، کھلے ڈسٹ بنز اور کیڑے مکوڑوں سے بچا کے ناقص انتظامات پر جرمانے کیے گئے۔

منی مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹائون کوئٹہ میں ملک سیفٹی ٹیم نے دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ دو ملک شاپس سے لیے گئے دودھ اور دہی کے موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں سکمڈ ملک پاڈر اور پانی کی وافر مقدار کی آمیزش سامنے آنے پر مالکان کو جرمانہ کیا گیا، جبکہ 3 مراکز کو معمولی نقائص پر اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ڈیرہ اللہ یار میں کوئٹہ روڈ، تحصیل روڈ اور شہر کے مختلف علاقوں میں قائم خوراک کے مراکز کی انسپیکشن کے دوران 2 ریسٹورنٹس کو ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی صفائی کے فقدان، کھلے کوڑے دان، مضر صحت رنگوں اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال سمیت گٹکا برآمد ہونے پر جرمانے کیے گئے، جبکہ متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔

تربت میں فوڈ اتھارٹی کی زونل انسپیکشن ٹیم نے مختلف خوراک کے مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے 2 ریسٹورنٹس، ایک بیکنگ یونٹ، ایک جنرل اسٹور اور ایک ملک شاپ کو جرمانے کیے، جبکہ 4 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔تربت میں کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ کیکس، اسنیکس، اچار، سیریلک اور میکرونی سمیت دیگر اشیا برآمد ہوئیں جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔

مختلف مراکز میں ناقص صفائی، نکاسی آب کے نامناسب انتظامات، مکھیوں کی بھرمار، زنگ آلود ریفریجریٹرز اور مضر صحت رنگوں کے استعمال سمیت دیگر خلاف ورزیاں بھی سامنے آئیں۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے کہا ہے کہ خوراک کے معیار، صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے مراکز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں