ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر)عمران شوکت نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول عید میلاد النبی ﷺ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تمام علما کرام ادارے اور انتظامیہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے اور پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔
جلوس اور مذہبی اجتماعات کو بھر پور سیکورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عید میلاد النبیﷺ کے حوالے سے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور علما کرام سمیت تمام مکاتب فکر کے درمیان بہتر اور مثبت روابط کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر)مہراللہ بادینی، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل، ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ محمد بلوچ، علما کرام، تاجرتنظیموں کے نمائندوں کے علاوہ تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک تھیں۔ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے کہا کہ 12 ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ جوکہ ماضی میں اپنی مثبت روایات اور روابط کے حوالے سے مشہور تھا ہماری کوشش ہے کہ علما کرام اور انتظامیہ سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور عیدمیلاد النبی ﷺ کے جلوس اور دیگر پروگراموں کے حوالے سے ان میں اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے لوگوں میں مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
12 ربیع الاول کے موقع پر شہریوں کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے اور موثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل اور ایس ایس پی ٹریفک پولیس محمد بلوچ نے شرکا کو سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر علما کرام، تاجربرادری اور دیگر مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن و امان کے قیام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر امن و امان، مذہبی رواداری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔









