کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید ، سابق صدر رضا الرحمن ، تنظیم الاعوان کے چیئرمین ملک سعید اعوان اور سلیم سرائیکی نے کہا ہے کہ بلوچستان صرف ایک خطے کا نام نہیں بلکہ قوموں زبانوں ، ثقافتوں کا گلدستہ ہے ، نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بلوچ ، پشتون اقوام یہاں آباد برداریوں ، مذہبی اقلیتوں کے اتحاد کیلئے مستقل مزاجی کے ساتھ جس جدوجہد کا آغاز کیا ہے وہ قابل ستائش ہے ، انہوں نے بلوچستان کے اجتماعی قومی مفادات کا ہر فورم پر دفاع کیا ہے ، کوئٹہ شہر کو درپیش مسائل اور بحرانوں سے نکلنے کیلئے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے ۔
یہ بات انہوں نے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سراوان ہاوس میں منعقدہ سیٹلرز کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
انہوں نے کہا کہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی ایک بہت بڑے مقصد کیلئے آگئے بڑھے ہیں ، انہوں نے ہمیشہ عوام اور سرزمین کے حقوق کا دفاع کیا ہے اور یہاں آباد اقوام و برادریوں کو ایک مقصد کے تحت ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ساتھ چلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔
انہوں نے کھبی عوامی حقوق کا سودا نہیں کیا ، اس سرزمین کے لوگوں کو قومیت ، لسانیت اور تعصب کی فضا سے باہر نکل کر آگئے بڑھنا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد سیٹلرز بلوچستانی ہیں ، نوبزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کی قیادت میں آئندہ نسلوں کی بقا اور شناخت کے تحفظ کیلئے متحد ہیں ، عوام کیلئے پیغام ہے کہ وہ مزید دیر نہ کریں عوامی رابطہ مہم میں متحد ہوکر یکجا ہوں









