بھارتی اداکارہ شکیلہ بیگم نے انکشاف کیا ہے کہ موبائل فون کے مسلسل استعمال سے ان کی صحت پر بدترین اثرات مرتب ہوئے اور بالآخر انہیں گردن کی سرجری کرانا پڑی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ساؤتھ کی کنارا تھمبیکال، تھیزوارا اور پلے گرل جیسی فلموں میں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ شکیلہ نے انکشاف کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا ہے کہ انہیں حال ہی میں گردن کی سرجری کے مشکل عمل سے گزرنا پڑا ہے کیونکہ کئی برس تک موبائل فون پر طویل وقت گزارنے کی عادت کے باعث ان کی صحت پر بدترین اثرات مرتب ہوئے تھے۔
اداکارہ شکیلہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ موبائل گیمز کھیلنے اور گھنٹوں ویڈیوز دیکھنے کی عادت کی وجہ سے ان کی صحت متاثر ہوئی، اپنے پیغام میں انہوں نے دوسروں کو بھی ایسی غلطی سے بچنے کی ترغیب دی اور اپنی عادت پر مزاحیہ انداز میں خود پر بھی طنز کیا۔
سرجری کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس سرجری میں ان کے 3 لاکھ بھارتی روپے خرچ ہوئے جبکہ وہ اس وقت مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہیں اور انہیں بستر سے اٹھنے اور کھانے جیسے بنیادی کاموں کے لیے بھی مدد درکار ہوتی ہے۔
موبائل فون کے استعمال کی عادت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فون ایک بہت مفید چیز ہے لیکن اسے ضرورت سے زیادہ استعمال نہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بستر پر ایک کروٹ کے بل لیٹ کر مسلسل چار،چار گھنٹے تک موبائل پر گیمز کھیلا کرتی تھیں اور صرف چائے یا کافی پینے کے لیے ہی اٹھتی تھیں، چائے پینے کے بعد دوبارہ آکر وہ وہی گیم کھیلنا شروع کردیتی تھیں۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ گیم کے بعد وہ یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ریلز دیکھنے میں بھی کئی گھنٹے گزار دیتی تھیں، اسی دوران غلط انداز میں بیٹھنے یا لیٹنے اور موبائل فون کے ضرورت سے زیادہ استعمال کی وجہ سے ان کی گردن کی اہم رگیں متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں بالآخر انہیں آپریشن تھیٹر کا راستا دیکھنا پڑا۔
شکیلہ نے تمام والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے بچے موبائل فون پر کتنا وقت گزارتے ہیں، فون صرف ضروری کاموں کے لیے استعمال کریں، غیر ضروری ویڈیوز، حتیٰ کہ میری ویڈیوز بھی دیکھنے سے گریز کریں اور صرف مفید ویڈیوز دیکھیں، ورنہ آپ کے 3 لاکھ روپے خرچ ہوجائیں گے اور ناقابل برداشت درد بھی سہنا پڑے گا۔









