انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں یومِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں قومی پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز، اے آئی جیز اور پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔تقریب کے دوران قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام کو یومِ آزادی کی دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں آزادی کی عظیم نعمت کے ساتھ اپنے قومی عہد کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا ایک اہم اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے اور صوبے کے عوام نے قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ملک کی سلامتی، استحکام اور ترقی میں ہمیشہ نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام آئندہ بھی قومی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔آئی جی پولیس بلوچستان نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، اتفاق اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے، بحیثیت قوم بالخصوص نوجوانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں محنت، لگن اور دیانت داری کے ساتھ کام کرتے ہوئے ملک کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس فورس اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی ملک اور قوم کے استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔محمد طاہر نے یومِ آزادی کے موقع پر شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے قیام، اس کی بقا اور استحکام کے لیے بے شمار لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے ایک روشن مثال ہیں اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے غازیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان تمام افراد کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد ہمارے لیے باعثِ فخر اور قابلِ تقلید ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی، امن و امان کے قیام اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









