سول ہسپتال کوئٹہ میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ایم ایس ڈاکٹر ہادی کاکڑ

15

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے کہا ہے کہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے دورے، ہسپتال کی دیکھ بھال و بہتری اور مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو ہسپتال کے مختلف شعبوں کے دورے کے موقع پر مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اور انہیں بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ شعبوں کے درمیان موثر اور مربوط رابطہ کاری ضروری ہے، سول ہسپتال کوئٹہ میں مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے کہا کہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا باقاعدگی سے دورہ کرنے کا مقصد وہاں موجود مسائل کا جائزہ لینا، ہسپتال کی صفائی و دیکھ بھال کو بہتر بنانا اور مریضوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہتر مریضوں کی نگہداشت ایک مشترکہ ذمہ داری ہے جس کے لیے ڈاکٹرز، طبی عملہ، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ شعبوں کو باہمی تعاون اور مربوط کوششوں کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ہسپتال کے انتظامی و طبی نظام میں بہتری کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں