پاک امریکا اقتصادی تعاون، سویا بین شعبے میں شراکت داری مزید بڑھانے پر اتفاق

27

پاکستانی سفیر نے پاک امریکا بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبے میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے شکاگو میں منعقدہ یو ایس کنیکسٹ کانفرنس کے موقع پر امریکی سویا بین ایکسپورٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو جم سٹر سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان مختصر عرصے میں امریکی سویا بین درآمد کرنے والے دنیا کے بڑے ممالک میں شامل ہوگیا ہے اور سالانہ 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد امریکی سویا بین درآمد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی سویا بین کی عالمی منڈی میں نمایاں درآمد کنندہ بن چکا ہے جبکہ سویا بین کی ویلیو چین میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراک بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

امریکی سویا بین ایکسپورٹ کونسل کے سی ای او جم سٹر نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون اور شراکت داری جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسل پاکستان میں تکنیکی معاونت، تربیت اور استعدادِ کار بڑھانے کے پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔

ملاقات میں پاکستان کے فیڈ، پولٹری، ڈیری اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں کی پائیدار ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے جبکہ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری کے تحت سویا بین کے شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں