صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی کے ہمراہ کوئٹہ شہر کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف اہم شاہراہوں، بازاروں اور تجارتی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے امن و امان، سیکیورٹی انتظامات اور شہری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر داخلہ اور معاون برائے داخلہ نے لیاقت بازار، قندھاری بازار، پرنس روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ، بروری روڈ، گاہی چوک، جوائنٹ روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی، ٹریفک کی روانی، بازاروں کی صورتحال اور عوامی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔میر ضیا اللہ لانگو نے شہریوں، تاجروں اور دکانداروں سے ملاقاتیں بھی کیں اور ان سے شہر کی مجموعی صورتحال، کاروباری سرگرمیوں اور سیکیورٹی انتظامات سے متعلق دریافت کیا۔
شہریوں اور تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے کیے گئے سیکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے، شہر بھر میں تجارتی سرگرمیاں عروج پر ہیں جبکہ تمام اہم شاہراہیں اور بازار کھلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور کسی بھی مقام پر کوئی سڑک بند نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک ہیں۔
انہوں نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کی سہولت اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔میر ضیا اللہ لانگو نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے پھیلائی جانے والی بے بنیاد اور منفی خبروں پر کان نہ دھریں اور صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی بھی اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے اور انہوں نے مختلف مقامات پر شہریوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور تجاویز سے آگاہی حاصل کی









