ہنہ اوڑک کے نوجوان کی شہادت افسوسناک ،واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی،صوبائی وزیر بخت محمدکاکڑ

27

صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ امن وامان کا قیام ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے ،وفاقی وصوبائی حکومتیں بلوچستان میں قیام امن کیلئے موثر اقدامات کررہی ہے، اس حوالے سے عوام کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے ،ہنہ اوڑک کے نوجوان کی شہادت افسوسناک ہے ،دہشتگردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے موثر آپریشنز جاری ہیں ،ہنہ اوڑک میں قیام امن کیلئے لواحقین اور قبائلی معتبرین سے دونشستیں ہوچکی ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان اس حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کے روز ہنہ اوڑک چوک میں دھرنے کے شرکاء سے کامیاب مذاکرات کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ شاہ زیب خان کاکڑ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت ودیگراعلیٰ حکام موجود تھے ۔

صوبائی وزیربخت محمد کاکڑ نے یقین دہانی کرائی کہ ہنہ اوڑک میں امن وامان سے متعلق دو دنوں میں اجلاس ہوگا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذمہ داران ،لواحقین سمیت دیگر شریک ہونگے ۔

اجلاس میں قیام امن کے حوالے سے امور کاجائزہ لیاجائے گا،حکومت بلوچستان کی جانب سے لواحقین کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کیلئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو مراسلہ بھجوادیا ہے ،چیف جسٹس جویڈیشل کمیشن کیلئے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں کمیشن بنائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ایس ایچ او کو غفلت پر معطل کردیاگیاہے ،ہنہ اوڑک میں قیام امن کیلئے علاقہ معتبرین اور عوام کے ساتھ مل کر کام کیاجائے گا اور امن وامان کو یقینی بنائیں گے ۔وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شہید ریاض کاکڑ کیلئے حکومتی پالیسی کے مطابق مالی تعاون کااعلان کیا،ہنہ اوک لواحقین کمیٹی نے جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں